بلدیاتی نظام کیخلاف عوامی ریفرنڈم کیلئے کیمپ لگائے جائینگے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ د ئیے جانے کے خلاف 15 جنوری کوہونے والے جماعت اسلامی کے ملک گیر عوامی ریفرنڈم کے سلسلہ میں شہربھر میں چوکوں اورچوراہوں پرپولنگ کیمپ لگائے جائیں گے۔گھنٹہ گھرچوک میں مرکزی کیمپ لگایا جائے گا جس میں مرکزی اور صوبائی قائدین بھی شریک ہوں گے ۔ریفرنڈم کے پینل میں تمام سٹیک ہولڈرز،عوامی نمائندے،تاجر،وکلاء اور معاشر ے کے تمام طبقات کے موثرنمائندے شامل ہوں گے، نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا، ریفرنڈم میں عوامی رائے کے ذریعے مینڈیٹ لینے کے بعد چاروں صوبائی اسمبلیوں کی طرف مارچ اور عوامی حقوق کیلئے دھرنے دیں گے۔ ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے ضلعی جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھاراایڈووکیٹ کے ہمراہ شہرکے مختلف علاقوںمیںکارکنان کے اجتماعات میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ قوم موجودہ نظام سے مطمئن نہیں اور حقیقی مقامی جمہوریت چاہتی ہے۔بلدیاتی نظام کے خلاف منعقدہ ریفرنڈم عوامی شعور اور جمہوری حقِ رائے دہی کا مظہر ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ بلدیاتی نظام عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکا ہے اور اختیارات و وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کے بجائے انہیں محدود طبقات تک مرکوز کر دیا گیا ہے۔یہ بلدیاتی ڈھانچہ آئینی تقاضوں اور عوامی توقعات پر پورا نہیں اترتا، جس کے باعث شہری بنیادی سہولیات سے محروم اور مقامی نمائندے بے اختیار ہو چکے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ عوامی فیصلے کا احترام کرے، بلدیاتی قوانین میں بنیادی اصلاحات کرے اور اختیارات و وسائل واقعی طور پر مقامی سطح پر منتقل کرے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔اس عوام دشمن نظام کو ختم کرکے بااختیار، شفاف اور جوابدہ بلدیاتی نظام کے قیام عمل میںلایاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں