حضرت امیر معاویہ کی روشن زندگی حکمرانوں اور لوگوں کیلئے مشعل راہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اسلامی بحری بیڑے کے موجد،جلیل القدر صحابی، کاتب وحی اور 19سال تک 64لاکھ مربع میل پر حکمرانی کرنیوالے فاتح شام و قبرص سیدنا حضرت امیر معاویہ کا یومِ وفات 22رجب المرجب کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جلسے، سیمینار اور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں جس میں مقررین حضرت امیر معاویہ کے فضائل و مناقب، سیر ت و کردار، سنہری کارنامے اور بے مثال فتوحات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سرعام یا سوشل میڈیا پر توہین صحابہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ایسے شرپسندوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے۔ اس موقع پر سنی علما کا کہنا تھا کہ سیدنا امیر معاویہ کی روشن زندگی طرز حکمرانی قیامت تک آنے والے حکمرانوں اور لوگوں کیلئے مشعلِ راہ ہے انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت امیر معاویہ وہ خوش نصیب انسان ہیں جن کو جلیل القدر صحابی ہونے کے ساتھ ساتھ کاتب وحی اور پہلے اسلامی بحری بیڑے کے موجد ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور آپ کے لیے حضور ۖ کی زبان مبارک سے کئی مرتبہ دعائیں اور بشارتیں نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی بہن حضرت سیدہ ام حبیبہ کو حضور اکرم ۖ کی زوجہ محترمہ اور ام الممنین ہونے کا شرف بھی حاصل ہے، سیدنا حضرت امیر معاویہ سے حضورۖ کی 163، ایک سو تریسٹھ احادیث مروی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سیدنا حضرت امیر معاویہ کی روشن زندگی اورآئینہ اخلاق میں اخلاص، علم و فضل، فقہ و اجتہاد، تقریر و خطابت، غریب پروری، خدمت خلق، مہمان نوازی، مخالفین کے ساتھ حسن سلوک، فیاضی و سخاوت، اصابت رائے، عفو و درگزر، اطاعت الہی، اطاعت رسولۖ، اتباع سنت، جوش قبول حق، تحمل و بردباری، تقوی اور خوف الہی کا عکس نمایاں نظر آتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نسل نو کو ان مقدس ہستیوں کے روشن کردار و کارناموں سے متعارف کرانے کیلئے میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ میں خصوصی پروگرامز نشر کیئے جائیں اور ان کی بحری خدمات و فتوحات کی وجہ سے پاک بحریہ میں نشانِ معاویہ کا اعلان کیا جائے۔ علاوہ ازیں اصحاب پیغمبر اور دیگر مقدسات دین پر طعن و تشنیع اور تنقید کرنے والے شرپسندوں کے۔خلاف انسداد توہین مقدس شخصیات ایکٹ کے ساتھ ساتھ انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں