ایف ڈی اے سٹی میں377رہائشی پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے فروخت کرنیکی تجویز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے انتظامیہ نے ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب مختلف رقبہ جات کے377رہائشی پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے فروخت کرنے کی تجویز پر غور و خوض شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں ڈائر یکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدر ی نے حکم دیا ہے کہ پلاٹس کی قرعہ اندازی کے ذریعے اقسا ط میں فروخت کے لئے ایک جامع اور قابل عمل ماڈل تیار کیا جائے۔ وہ ایک اجلاس کے دوران ایف ڈی اے سٹی کے دستیاب پلاٹس کی تفصیلات اور انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے فروخت کرنے کی تجویز کا جائزہ لے رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ائی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عدنان شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم و دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر مختلف شرائط و ضوابط، قانونی معاملات، طریقہ کار، پلاٹس کی قیمتوں واقساط کا دورانیہ اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ پلاٹس کی قرہ اندازی کے ذریعے اقساط میں فروخت کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مقررہ ٹی او آرز کے مطابق قرعہ اندازی کا جامع ماڈل تیار کرے گی جس میں پلاٹس کی قیمتوں کا تعین، ڈائون پیمنٹ اور اقساط کی وصولی کا طریقہ کار اور درخواست گزاروں کے لئے ترغیبات سمیت دیگر قواعد و ضوابط اور شرائط وغیرہ طے کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ قرعہ اندازی کے اس ماڈل کو بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں پیش کریں گے اور حتمی منظوری کے بعد اس تجویز پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پلاٹس کے نیلام عام کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے اقساط میں فروخت کی تجویز خریداروں کے لئے کششِ کا باعث ہو سکتی لہذا خواہش مند افراد کو یہ موقع فراہم کرنا چاہیے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اس حوالے سے مختلف سٹیک ہولڈرز کی آرا و تجاویز بھی حاصل کریں تاکہ ٹھوس حکمت عملی کے تحت اس ماڈل پر عملدرآمد ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں