میونسپل کارپوریشن کے40کلریکل ملازمین کو ترقی ملنے کے امکانات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے کلریکل ملازمین کی محکمانہ ترقی کے لیے چیف میونسپل آفیسر مرتضیٰ ملک نے ڈی پی سی کا اجلاس 19جنوری کو صبح دس بجے طلب کرلیا۔ اجلاس میں 40ملازمین کو ترقی ملنے کے امکانات ہیں ان میں جونیئر کلرک سینئر کلرک اور ہیڈ کلرک ملازمین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ سے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے بہت سی سیٹیں خالی ہو چکی تھی لیکن میونسپل کارپوریشن کی یونین کی دھڑے بندیوں کی وجہ سے ملازمین ترقی سے محروم چلے آرہے تھے۔ اس موقع پر شاہین ورکرز یونین میونسپل کارپوریشن نے ملازمین کے دکھ اور درد کو سمجھتے ہوئے ملازمین دوستی کا بھرپور ساتھ دیا اور یونین کے وفد نے عامر محمود اعوان کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر وچیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سے ملاقات کی اور تحریری درخواست پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ملازمین کا بنیادی حق ہے اور ترقی سے ہی ملازمین میں جستجو اور کام کی لگن پیدا ہوتی ہے اور وہ مزید جزبے کے ساتھ ادارے کی بہتری کیلئے کام کرتا ہے۔ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے یونین کی گذارشات پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو فوری ڈی پی سی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی جس پر چیف آفیسر مرتضیٰ ملک نے 19جنوری کی صبح دس بجے ڈی پی سی کا اجلاس کمیٹی روم میں طلب کر لیا جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اس طرح ایک بار پھر شاہین ورکرز یونین نے ملازمین کی نمائندگی کرتے ہوئے ملازمین کے دل جیت لیے۔ ملاقات کرنے والے وفد میں چوہدری رضوان گجر ‘ میاں سعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر چیئرمین عامر محمود اعوان نے کہا کہ تمام ملازمین ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور ہم مخالفت برآے مخالفت پر یقین نہیں رکھتے، ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اسی طرح جدوجہد کرتے رہیں گے اور کسی ملازم کے ساتھ زیادتی وناانصافی برداشت نہیں کرینگے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں