تھانہ صدر سمندری کے علاقہ میں دوہرے قتل کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر سمندر ی کے علاقہ 388 گ ب میں دوہرے قتل کے بعد علاقہ میں خوف وہراس’ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں، آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا حکم۔ بتایا جاتا ہے کہ سمندری کے علاقہ 388 گ ب میں شاہد منور نے کچھ عرصہ قبل اپنے ہی گائوں کے علی شان ولد زبیر وغیرہ کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ جس پر ملزم محمد علی 3 ماہ تک جیل میں رہا’ اسی دوران شاہد منور سعودی عرب چلا گیا، چند روز قبل شاہد منور سعودیہ سے واپس آیا تو مذکورہ عداوت پر شاہد منور اور علی شان کے درمیان جھگڑا بھی ہوا۔ گزشتہ روز شاہد منور اپنے ساتھیوں عبدالحنان وغیرہ کے ہمراہ گاڑی پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ راستے میں تھڑا مارے ملزمان علی شان وغیرہ نے ان پر فائرنگ کر دی۔ تو کار سواروں شاہد وغیرہ نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے شاہد منور اور علی شان زندگی کی بازی ہار گئے۔ دو گروپوں میں فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ دونوں گروپوں کے ایک ایک نوجوان کی ہلاکت پر علاقہ میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے اور پولیس کی نفری گائوں میں موجود ہے۔ پولیس نے محمد طاہر کی مدعیت میں ملزمان عرفان وغیرہ 5کس کے خلاف مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں