سکولوں کے نئے اوقات کار

لاہور (بیوروچیف) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جو19جنوری سے15 اپریل 2026تک نافذ العمل رہے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ سکولوں میں پیر سے جمعرات تک تدریسی اوقات صبح 10بجے سے دو بج کر 15 منٹ تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز کلاسز صبح 10 بجے سے 12 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گی۔ڈبل شفٹ سکولوں کے لیے مارننگ شفٹ کے اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ آفٹرنون شفٹ دو بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ کے لیے پیر تا جمعرات نصابی تیاری، تربیتی سرگرمیوں اور مسلسل پیشہ ورانہ ترقی (CPD) میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متبادل ہفتے (Alternate Saturday) کو بھی اساتذہ کی حاضری لازمی ہوگی، تاکہ تدریسی معیار اور نصابی اہداف میں بہتری لائی جا سکے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ نئے اوقاتِ کار کا مقصد طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانا اور اساتذہ کو تربیت و تیاری کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ محکمہ نے اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ نئے شیڈول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے نبھائیں تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا جا سکے۔واضح رہے کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں اضافے کی خبروں پر واضح کیا کہ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 19 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ موسمِ سرما کی تعطیلات 20 دسمبر سے شروع ہوئی تھیں اور طلبہ کو مجموعی طور پر 30 دن کی چھٹی دی گئی تھی، اب تک بچے 27 دن کی تعطیلات سے لطف اندوز ہو چکے ہیں اور مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ ماحولیات اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر موسم کی پیش گوئیوں اور درجہ حرارت کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ ہفتے کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکول کھولے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں