FDAکا تجاوزات کیخلاف آپریشن’13افراد کے چالان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ایف ڈی اے نے گرینڈ آپریشن کے ذریعے مدینہ ٹان اور ملت چوک گلستان کالونی سے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا اور 13 قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے. تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بعض عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ تجاوزات کا صفایا کر کے ان علاقوں اور بازاروں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں۔ جس پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سرپرستی میں ایف ٹی اے کی انکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں کو چیک کیا تو امتیاز شہید روڈ مدینہ ٹان اور ملت چوک گلستان کالونی میں بعض دکانداروں نے کائونٹرز، بنچ، سٹالز، تندور، گیس سلنڈرز اور دیگر کاروباری سامان رکھ سڑکوں و عوامی راستوں کو روکا ہوا تھا جن کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے وہاں سے تمام عارضی و پختہ تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ ایف ڈی اے سٹاف کی خصوصی ٹیم نگرانی کے لئے ان جگہوں پر متعین کر دی گئی ہے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی حدود کے اندر کاروبار کریں بصورت دیگر سامان ضبط اور بھاری جرمانوں کے علاوہ باز نہ آنے والے قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں