کمالیہ(نامہ نگار)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھار ٹی کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کمالیہ میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے شہر بھر میں مختلف فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی جامع چیکنگ کی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق رواں ماہ کے دوران کمالیہ میں 159 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی انسپکشن کی گئی، جس کے دوران خلاف ورزیوں پر 13 معروف فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 27 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک فوڈ یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔معائنہ کے دوران 94 فوڈ پوائنٹس کو صفائی، ریکارڈ اور دیگر نقائص کی بنا پر اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے ۔ مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی مختلف اشیا کے 5 سیمپلز بھی حاصل کیے گئے تاکہ ان کا لیبارٹری تجزیہ کیا جا سکے ۔چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں مختلف ممنوعہ، ناقص اور ایکسپائر شدہ اشیائے خورونوش برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بہتات، فوڈ ورکرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی جیسے سنگین نقائص بھی سامنے آئے ۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت دشمن مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ فوڈ اتھارٹی کے افسران اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں ہر وقت فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔




