نوجوان کی خودکشی،محنت کش مشین میں آکر چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ راناٹیکسٹائل ملز مشین کی زد میں آ کر محنت کش جاں بحق ہو گیا’ فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی مرچیں فروخت کرتے دکاندار کو پکڑ لیا’ قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد لہولہان’ چالاک ملزمان نے کاروبار میں منافع کا لالچ دیکر 3 تاجروں سے اڑھائی کروڑ ہتھیا لئے’ پولیس مصروف تفتیش ہے بتایا جاتا ہے کہ گوجرہ کے 35سالہ مختار ولد رحمت کافی عرصہ سے بے روزگار تھا جسکی وجہ سے گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز بھی اس کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایاگیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا معدہ واش کر کے جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ بلوچنی کے علاقہ نجی ٹیکسٹائل مل میں کام کرتے ہوئے مشین کی زد میں آ کر محنت کش سرفراز زندگی کی بازی ہار گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے رضاآباد کے علاقہ 219 رب کوکیانوالہ میں چھاپہ مار کر سرخ مرچوں میں ملاوٹ کر کے فروخت کرنے والے چکی مالک نواز علی کو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں ملاوٹی سرخ مرچیں قبضہ میں لیکر تلف کر دیں۔ جبکہ 57 رب میں رشتہ کے تنازعہ پر مشتعل ملزمان حسیب وغیرہ نے فائرنگ کر کے غلام مرتضیٰ اور سمندری کے نواح میں معمولی تنازعہ پر ملزمان نے فائرنگ کر کے اویس کو بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں سول لائن پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے متاثرہ شہری عثمان نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم عبدالصبور نے کاروبار کیلئے 2کروڑ 20لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی۔ سول لائن کے عرفان کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم طیب نے 22لاکھ کا مال لیکر بدلے میں جعلی چیک تھما دیا اور سرکلر روڈ کے تاجر عرفان سے ملزم سلطان نے 18لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی، رقم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں