ڈویژنل کمشنر کا متحرک کردار،سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی کوششوں اور متحرک کردار سے ڈویژن بھر میں تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجہ جہانگیر انور جب سے ڈویژنل کمشنر فیصل آباد تعینات ہوئے ہیں۔ فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور تمام ادارے اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے دلجمعی سے کام کر رہے ہیں جن اداروں میں سائلین اپنے مسائل کے حل کیلئے خوار ہوتے رہتے تھے وہاں اب سائلین کے کام فوری ہو رہے ہیں۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور کی قیادت میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد کی خوبصورتی کیلئے کام زور وشور سے جاری ہے۔ آٹھ بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے ساتھ کینال روڈ اور دیگر اہم علاقوں کو بھی خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ راجہ جہانگیر انور کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی کارکردگی بھی بہت بہتر ہو گئی ہے۔ ڈویژنل کمشنر کے حکم پر عرصہ دراز سے بند پڑی سٹریٹ لائٹس کو بھی روشن کیا جا رہا ہے جس سے شہر جگمگا اُٹھا ہے۔ فیصل آباد سمیت چاروں اضلاع میں کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی سے سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ ڈویژنل کمشنر اپنے آفس میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری لگا کر بھی شہریوں کے مسائل سنتے ہیںاور ان کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ اداروں کے افسران کو حکم دیتے ہیں جس کے باعث اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ شہریوں کے مسائل فوری حل ہو رہے ہیں۔ پی ایچ اے کی کارکردگی میں بھی کافی حد تک بہتر آ گئی، شہر بھر کے گرین بیلٹس سرسبز ہو گئے ہیں اور شہر بھر کے چوکوں کو بھی خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ واسا کے فراہمی ونکاسی آب کے نظام میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ ڈویژنل کمشنر کے وزٹ کے باعث ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کا نظم ونسق بھی ٹھیک ہو گیا ہے۔ مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی مثالی بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کی جا رہی ہے۔ شہر بھر سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ الغرض ڈویژنل کمشنر کی مضبوط کمان کے باعث تمام محکمے اور ان افسران وصارفین لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے پیش پیش ہیں۔ شاندار کارکردگی پر شہری حلقوں کی جانب سے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راجہ جہانگیر انور نے بہت کم وقت میں تمام محکموں کا قبلہ درست کر کے عوام نے دل جیت لئے ہیں۔ ان کو اسی طرح اپنا کام جاری رکھنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں