سب سے بڑا یاقوت دریافت

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک )سری لنکا نے ایک دیوہیکل ارغوانی ستارہ نما یاقوت کی دریافت کا اعلان کیا ہے جسے دنیا کا سب سے بڑا یاقوت قرار دیا جا رہا ہے۔ العربیہ کے مطابق اس سری لنکن یاقوت کی مالیت کم از کم 400 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس قیمتی پتھر کو الطاہرہ زمینی ستارہ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا وزن 3563 قیراط ہے۔ یاقوت کو دارالحکومت کولمبو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا جہاں اس کی چھ شعاعوں پر مشتمل ستارہ نما ساخت نے ماہرین کو حیران کردیا۔ یہی منفرد ساخت اسے دنیا کی نایاب ترین یاقوتوں میں شامل کرتی ہے۔رپورٹس کے مطابق قیمتی پتھروں کے ماہر اشان اماراسنگھ نے اخبار میرر کے حوالے سے تصدیق کی کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا باقاعدہ طور پر دستاویزی شکل میں محفوظ کیا گیا یاقوت ہے۔انہوں نے اس کے منفرد حسن اور نمایاں ستارہ نما شکل کو بے مثال قرار دیا۔ یہ یاقوت سنہ 2023 میں رتنابورا گاں کے قریب دریافت ہوا جو ساری دنیا میں قیمتی پتھروں کے شہر کے طور پر مشہور ہے۔یاقوت کو دیگر پتھروں کے ساتھ خریدا گیا تھا تاہم اس کے مالکان کو اس کی اصل قدر کا اندازہ دو برس بعد ہوا جس کے بعد اسے باضابطہ طور پر رجسٹر کروایا گیا اور دو خصوصی لیبارٹریز سے اس کی توثیق کرائی گئی۔بین الاقوامی سطح پر قدر پیمائی کرنے والے ماہرین کے مطابق اس سری لنکن یاقوت کی قیمت 400 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے جو اسے اب تک دریافت ہونے والے مہنگے ترین قیمتی پتھروں میں شامل کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں