کار کی سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر،ایک ہی خاندان کے5افراد جاں بحق

سیالکوٹ (نامہ نگار) سیالکوٹ میں گھوئنکی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو بچوں سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو1122کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی سڑک کے کنارے کھڑی تھی کہ تیز رفتار کار اس سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار افراد بری طرح پھنس گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو گاڑی سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال ڈسکہ منتقل کیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے 33 سالہ سہیل کو بھی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین سالہ عزا، چھ سالہ زمان، 36 سالہ سلمان، 58 سالہ اسلام اور 29 سالہ عمران شامل ہیں۔ جاں بحق بچوں کا آپس میں بہن بھائی ہونا بتایا جا رہا ہے۔لواحقین کے مطابق گاڑی میں سوار تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے۔حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال نظر آئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں