فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 2افراد جاں بحق’ حالات کے ستائے نوجوان نے خودکشی کر لی’ دوست نے خواجہ سرا کو گولیاں مار دیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ سپیریئر کالج کے سامنے تیز رفتار بس نے موٹرسائیکل سوار نبیل کو کچل دیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا’ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 267 رب میں طارق موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ سامنے سے آنیوالی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی’ طارق موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ ڈی ٹائپ کے علاقہ توقیر بلاک کے رہائشی 22سالہ نوجوان شاہ زیب نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے آپ کو کمرے میں بند کر کے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، گھر والوں نے پتہ چلنے پر پولیس کو اطلاع دی، نوجوان کی المناک موت پر گھر میں کہرام برپا ہو گیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے فوری طور پر نعش ہسپتال منتقل کر دی۔ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ سدھار بائی پاس کے قریب احسان عرف حسینہ پر اس کے دوست نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس پر گولیاں لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، ریسکیو1122 نے اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔




