فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی علماء کونسل پاکستان وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے بھاٹی گیٹ واقعہ لاہور میں ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کو عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی قرار دیتی ہے۔ مرکزی علما کونسل پاکستان وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے کہ انہوں نے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا اور ہر ذمہ دار افسر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر عوامی جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔ صاحبزادہ مولانا قاسمی چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان، جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان نے کہا کہ واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان ایک قابلِ تحسین اور بروقت اقدام ہے۔ لاہور واقعہ میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف کارروائی وقت کی اہم ترین ضرورت تھی۔مرکزی علما کونسل پاکستان حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتی ہے کہ لاہور سمیت پورے پنجاب میں جاری اور آئندہ ہونے والے تعمیراتی منصوبوں میں مکمل احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انسانی جان بے حد قیمتی ہے اور انسانیت کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔




