9

ڈیزل مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑا اضافہ

لاہور (بیوروچیف) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر کرایوں میں 4فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ قابل مذمت ہے، قیمتیں بڑھنے پر کرایہ 4فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے ہماری حالیہ ہڑتال میں ہم سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حالیہ ہڑتال میں بہت سے مسائل پر جو وفاقی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ہم سے معاہدہ کیا گیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جو وعدہ کیا تھا موٹروے پولیس اس کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ہم پھر سے ملک گیر ہڑتال کر لیں۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کہنا تھا کہ ہم سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ہم پھر ملک گیر ہڑتال کریں گے، تمام نقصان کی ذمہ دار وفاقی اور حکومت پنجاب ہوگی۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 11روپے 30پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 268روپے 38پیسے ہوگئی ہے۔ وفاقی حکومت نے اگلے 15روز کیلئے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 253روپے 17پیسے برقرار رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں