10

بلوچستان میں دہشتگردی ،برطانیہ،سعودیہ اور قطر کا پاکستان سے اظہار یکجہتی

راولپنڈی(بیوروچیف) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرتے ہوئے 133امن دشمنوں کو جہنم واصل کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، شرپسندوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی میں حملے کیے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اپنے غیر ملکی آقاں کی ایما پر بزدلانہ کارروائیاں کیں، اِن حملوں کا مقصد مقامی آبادی کی زندگی کو درہم برہم کرنا تھا، دہشت گرد بلوچستان کی ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔اِسی طرح دہشت گردوں نے ضلع گوادر اور خاران میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں نے دانستہ طور پر 18بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، شہید ہونے والوں میں خواتین، بچے، بزرگ اور مزدور شامل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 2 روز میں 133 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، آواران میں 3خود کش حملہ آوروں سمیت 92 شرپسند ہلاک ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے 15 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، فورسز نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے شرپسندوں کو فوری جواب دے کر علاقہ کلین اپ کیا۔دریں اثنائ۔اسلام آباد(بیوروچیف) برطانیہ، سعودی عرب اور قطر نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں برطانوی ہائی کمیشن نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا، اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی پرتشدد کارروائیوں پر تشویش ہے، پاکستانی فورسز دہشت گردی کے خلاف بہترین حکمت عملی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اورعوام کے ساتھ ہیں۔اسی طرح قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قطر ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، شہدا کے لواحقین، پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں