19

طلبہ علم کیساتھ ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دیں،اسلم حیات کموکا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دی پنجاب سکول سسٹم مدینہ ٹائون کیمپس فیصل آباد میں سالا نہ تقریبِ تقسیمِ انعامات نہایت شاندار، منظم اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی جس میں طلبہ و طالبات، والدین، اساتذہ کرام اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی محنت کو سراہنا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس نے محفل کو روحانی فضا عطا کی۔ اس کے بعد محترمہ نازش فیاض نے بارگاہِ رسالتِ مآب ۖ میں خوبصورت اور پرسوز انداز میں نعتِ رسولِ مقبول ۖ پیش کی جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور محفل پر روحانی کیفیت طاری ہو گئی۔ بعد ازاں پوزیشن ہولڈر اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ یہ اعزاز پرنسپل دی پنجاب سکول سسٹم مدینہ ٹائون کیمپس فیصل آباد اسلم حیات کموکا کے ہمراہ محترمہ نازش فیاض، مس سمرین افضل، عائشہ ثمن، رانا ارفع، بنیامین، عیشا نور، علیزہ کنول، اقرا مختار اور ایمن ساجد نے انجام دیا۔ انعامات حاصل کرنے والے بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔اس موقع پر پرنسپل اسلم حیات کموکا نے اپنے پراثر خطاب میں کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور کامیابی صرف محنت، نظم و ضبط اور اساتذہ و والدین کے باہمی تعاون سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے اساتذہ کی انتھک محنت اور والدین کے اعتماد کو ادارے کی کامیابی کا راز قرار دیا۔تقریب کے دوران مختلف تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو بھی خصوصی اسناد سے نوازا گیا جس سے طلبہ میں محنت اور مقابلے کا جذبہ مزید مضبوط ہوا۔ والدین نے سکول انتظامیہ کے نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے تقریب کو نہایت متاثر کن قرار دیا۔آخر میں تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا جسے تمام شرکا نے احتراماً کھڑے ہو کر پڑھا اور حب الوطنی کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔یہ سالانہ تقریب بچوں کی حوصلہ افزائی، تعلیمی شعور کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضا قائم کرنے میں ایک یادگار اور کامیاب پروگرام ثابت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں