1

پاکستان کا بھارت کابائیکاٹ،ICCتلملا اٹھا

لاہور (سپورٹس نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 ء میں پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) تلملا اٹھا اور کھیل کے اصول یاد دلانے لگا۔ آئی سی سی کی جانب سے ویب سائٹ پر بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کرنے کا منتظر ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایونٹ کے مخصوص میچز میں شرکت کرے گا، اس پوزیشن کو عالمی کھیلوں کے ایونٹ کی بنیاد کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل ہے، جہاں تمام ٹیموں سے ایونٹ کے شیڈول کے مطابق مساوی شرائط پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، مستقل مزاجی اور انصاف پر مبنی ہوتے ہیں اور مخصوص میچز میں شرکت مقابلوں کی افادیت کو مجروح کرتا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے۔آئی سی سی نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ پاکستان کے کروڑوں شائقین سمیت دنیا بھر کے فینز کے مفاد میں نہیں، یہ فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کی ترجیح مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد ہے، جس کی ذمے داری پی سی بی سمیت اس کے تمام ممبران کی بھی ہونی چاہیے۔آئی سی سی نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ایسے تصفیحے کی تلاش کرے گا، جو باہمی طور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں