حکومت کا کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے بڑا اقدام

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے ملک میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے جامع ایکشن پلان کی منظوری دی ہے ، مالیاتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے نئے قواعد و ضوابط تیار کیے جائیں گے ۔ وزارت خزانہ کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو مشکوک ٹرانزیکشنز اور لین دین کی نگرانی کی سالانہ اور سہ ماہی رپورٹس جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ، حکومت کو جون 2027 تک ایف ایم یو ایک جامع رپورٹ پیش کرے گا جس میں کرپشن کے خلاف کی گئی کارروائیوں اور ان کے نتائج کا ڈیٹا ہو گا۔ حکومت نے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ اور خامیوں کی نشاندہی و منی لانڈرنگ کے خلاف کام کرنے والی اتھارٹی (AML/CFT Authority) کو سپیشل ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت دی ہے۔یہ گروپ ایف آئی اے ، نیب، ایس ای سی پی اور ایف ایم یو پر مشتمل ہو گا جو اداروں کے کام کی نگرانی اور جائزہ لے گا۔ ورکنگ گروپ کا مقصد نظام میں کمزوریاں دور کرنا اور اداروں کے درمیان باہمی تعاون مضبوط بنانا ہے ۔ گروپ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتیں بڑھانے کیلئے ٹھوس سفارشات پیش کرے گا تاکہ مالیاتی جرائم کی تحقیقات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔ وفاقی حکومت نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے تفتیشی طریقہ کار (SOPs) تبدیل کرنے ، جون 2026 تک تفتیشی قواعد میں بہتری ، کرپشن و منی لانڈرنگ کے خاتمے اور ان مقدمات میں سزا کی شرح بہتر بنانے کیلئے سفارشات پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں