1

روٹی اور نان کی قیمتیں برقرار

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ30رمضان تک روٹی اور نان کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے بڑھتے اخراجات کے باوجود عوام کو وقتی سہولت دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ روٹی اور نان کی موجودہ قیمتیں 30 رمضان تک برقرار رہیں گی۔ یہ اعلان جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد سامنے آیا جس میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری، تلہ گنگ اور ملحقہ علاقوں کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر شفیق قریشی نے کی۔ایسوسی ایشن کے مطابق آٹا، گھی، ایل پی جی، بجلی، مزدوری اور تندوروں کے کرایوں میں مسلسل اضافے نے کاروبار کو سخت دبائو میں ڈال دیا ہے۔رہنماں کا کہنا ہے کہ تجارتی گیس سیلنڈر کی قیمت 16 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے اور دیگر اخراجات بھی روز بروز بڑھ رہے ہیں جس کے باعث موجودہ نرخ برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے۔تنظیم نے واضح کیا کہ عید الفطر کے بعد روٹی اور نان کی قیمت میں 5 روپے جبکہ پراٹھا اور روغنی نان 10 روپے مہنگے ہوں گے، عہدیداروں نے خبردار کیا کہ اگر خام مال کے نرخ قابو میں نہ آئے تو کئی تندور بند ہونے کا خدشہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 79 کلو آٹے کی بوری 7 ہزار 600 سے بڑھ کر 11 ہزار 700 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ میدے کی بوری 8 ہزار 200 سے بڑھ کر 12 ہزار 600 روپے ہوچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں