11

بجلی صارفین کیلئے ایک اچھی اور ایک بری خبر

اسلام آباد(بیوروچیف) وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں ردو بدل کا بڑا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق مجوزہ تبدیلی کے تحت ماہانہ 300اور 700یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ماہانہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز شامل ہے۔حکومت کی جانب سے فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے حالانکہ اس سے قبل صرف 300یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد تھے۔تجویز کے مطابق ماہانہ 100یونٹ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 200روپے جب کہ ماہانہ 200یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 300روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین میں ماہانہ 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں پر 275روپے، 200یونٹ تک استعمال کرنے والوں پر 300روپے اور ماہانہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350روپے فکسڈ چارجز تجویز کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ماہانہ 400یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 200روپے سے بڑھا کر 400روپے کرنے، ماہانہ 500یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 400سے بڑھا کر 500روپے کرنے اور ماہانہ 600یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 600سے بڑھا کر 675روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ماہانہ 700یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز 800روپے سے کم کر کے 675روپے جب کہ ماہانہ 700یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز میں 325روپے کمی کے بعد انہیں بھی 675روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ٹیرف میں کمی سے متعلق تجویز کے تحت گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ 400یونٹ بجلی استعمال پر فی یونٹ ٹیرف میں ایک روپے 53پیسے، ماہانہ 500یونٹ تک بجلی استعمال پر فی یونٹ ایک روپے 25پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح ماہانہ 600یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر فی یونٹ ایک روپے 40پیسے جب کہ ماہانہ 700یونٹ استعمال پر فی یونٹ 91پیسے کمی تجویز کی گئی ہے جب کہ ماہانہ 700یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 49پیسے کمی کی تجویز سامنے آئی ہے۔تجویز میں یہ بھی شامل ہے کہ 5کلو واٹ اور اس سے زائد لوڈ کے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف میں فی یونٹ ایک روپے 15پیسے کمی کی جائے جب کہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے ٹیرف میں فی یونٹ 5روپے تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔پاور ڈویژن کی جانب سے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یہ درخواست نیپرا میں جمع کرا دی گئی ہے، جس پر نیپرا پاور ڈویژن کی درخواست پر 10فروری کو سماعت کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں