1

ٹریفک حادثہ میں ریسکیو 1122کا اہلکار جاں بحق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چک جھمرہ کے علاقے فیڈمک انڈسٹریل ایریا میں پیش آنے والے افسوسناک روڈ ٹریفک حادثے میں ریسکیو 1122 فیصل آباد کا اہلکار نوید ارشد جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو کنٹرول روم فیصل آباد کو روڈ ٹریفک حادثے کی ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس پر قریبی ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا۔ حادثہ 132 کے وی گرڈ اسٹیشن، فیڈمک انڈسٹریل ایریا ساہیانوالہ، تحصیل چک جھمرہ کے قریب پیش آیا۔ معلومات کے مطابق نوید ارشد، جو کہ ریسکیو 1122 میں ایل ایف آر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد دفتر سے روانہ ہوئے۔ کچھ ہی فاصلے پر واقع پی اے بی سی ملز کے سامنے کھڑے کنٹینر سے ان کی موٹر سائیکل ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو ٹیم نے بروقت موقع پر پہنچ کر فوری طبی امداد فراہم کی اور زخمی کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مرحوم نوید ارشد کی عمر 43 سال تھی اور وہ چک نمبر 156 آر بی ڈیرہ، تحصیل جھمرہ، ضلع فیصل آباد کے رہائشی تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں