3

ریڈ زون داخلہ کیلئے ملازمین کی رجسٹریشن’ سٹیکر لازمی قرار

اسلام آباد (بیوروچیف) وزارت داخلہ نے ریڈ زون اور ہائی سکیورٹی زون میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کے ملازمین کا ڈیٹا جمع کرنے اور رجسٹریشن کرنیکا فیصلہ کیا ہے وزارت داخلہ کے ماتحت سکیورٹی ڈویژن کے مطابق ریڈ و ہائی سکیورٹی زون میں افسران و ملازمین کو داخلہ کے لیے سٹیکرز جاری کیے جائیں گے جس کے بغیر گاڑی اور موٹر سائیکل کے ریڈ زون میں داخلے پر پابندی ہوگی، سکیورٹی ڈویژن نے احکامات جاری کر دیئے ۔احکامات کے مطابق گاڑی/موٹر سائیکل کی تفصیل، مالک و ڈرائیور کے کوائف، شناختی کارڈ نمبر، دفتر یا ادارے کا نام، عہدہ، رابطہ کی معلومات جمع کرانا لازمی ہوگا، ڈیٹا کی تصدیق کے بعد انٹری سٹیکرز جاری کیے جائیں گے ۔ مذکورہ اقدامات حساس تنصیبات کے اندر گاڑیوں کی نقل و حرکت منظم اور محفوظ بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ احکامات کے مطابق ایک ہفتے کے بعد انٹری سٹیکر کے بغیر کسی گاڑی یا موٹر سائیکل کو ریڈ و ہائی سکیورٹی زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو افسران و ملازمین کی معلومات 11فروری تک ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں