1

FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) قائمقام ڈائر یکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کیخلا ف آپر یشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کاررو ا ئی کرتے ہوئے گلشن کالونی اور حق باہو چوک گلستان کالونی میں بھاری مشینری کے ذریعے پختہ و عارضی تجاوزات کا صفایا کر دیا اور تجاوزات میں ملوث آٹھ دکانداروں کیخلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سرپرستی میں انسپکٹر اسلم انصاری و دیگر سٹاف پر مشتمل اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال کو چیک کیا تو گلشن کالونی میں بعض افراد نے اپنے گھروں کے باہر غیر قانونی طور پرتھڑے اور ریمپ بنا کر عوامی راستوں کو روک رکھا تھا جنہیں بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا جبکہ حق باہو چوک گلستان کالونی میں بعض دکانداروں نے کاروباری سامان رکھ کر عوامی گزرگاہوں میں رکاوٹیں کھڑی کی ہوئی تھیں جن کا سامان اٹھا کر قبضے میں لے کر راستوں کو کلیئر کر دیا گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ پختہ اور عارضی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کیا جائے بصورت دیگر انہیں مسمار کر دیا جائے گا اور قصور واروں کو بھاری جرمانوں کے علاوہ فوجداری مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں