3

اپنی چھت اپنا گھر سکیم کا نیا ڈیجیٹل ماڈل منظور

لاہور (بیوروچیف) اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت پنجاب حکومت نے بلاسود ہائوسنگ کے لیے نیا ڈیجیٹل ماڈل منظور کرلیا۔ اپنی چھت اپنا گھر سکیم کا اب نیا مرحلہ شروع ہوگیاہے اورپنجاب حکومت نے بلاسود ہائوسنگ کے لیے نیا ڈیجیٹل ماڈل منظور کر لیا جس کے تحت بینک آف پنجاب پہلی بار براہِ راست بلاسود ہائوسنگ قرضے جاری کرے گا، 60ارب روپے کے قرضوں سے مزید 40ہزار کم لاگت گھر تعمیر ہوں گے،قرضوں کی فراہمی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگی اورانسانی مداخلت کم کی جائے گی،زمین کی تصدیق لینڈ ریکارڈ سے ہوگی اور رقم مرحلہ وار تعمیر سے منسلک ہوگی۔حکومت پنجاب بینک کو مالی تحفظ دے گی، 9فیصد کریڈٹ گارنٹی منظور ہو گی، اس سے قبل قرضہ براہِ راست بینک آف پنجاب خود جاری نہیں کرتا تھا،سکیم سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے ذریعے چلائی جاتی تھی،حکومت رقم سبسڈی اور فنڈنگ کی صورت میں مختص کرتی تھی۔ نئی پالیسی سے رقم بینک کی بیلنس شیٹ سے آئے گی اورڈیجیٹل پلیٹ فارم (PITB) پر منتقل ہو گا۔ حکام کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد خاندان اپنی چھت اپنا گھر سے مستفید ہوچکے ہیں، نئی اصلاحات سے اسکیم کی رفتار اور شفافیت بڑھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں