قصابوں نے سرکاری نرخ نامے کی دھجیاں اڑا دیں،ناقص گوشت مہنگا فروخت

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ چشم پوشی کے باعث جگہ جگہ لاغر و بیمار جانوروں کا چھوٹا بڑا گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے لگا،چھوٹا گوشت 2200 سے 2500روپے فی کلو،بڑا گوشت 1500 سے 1800روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے،سرکاری نرخ نامے پر علمددرامد ایک خواب بن گیا، عوامی سماجی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ سے اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی جڑانوالہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی تعیناتیوں کے باوجود مصنوعی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ چکا ہے قصابوں نے جانوروں کی کھال کیساتھ ساتھ شہریوں کی کھال اتارنے کیلئے بھی چھریاں تیز کر لی ہے جڑانوالہ اندرون مارکیٹوں اور فیصل آباد روڈ،لاہور روڈ 240 موڑ،پل شہروانہ،جڑانوالہ اسلام پورہ موڑ, جڑانوالہ ننکانہ روڈ،جڑانوالہ سیدوالا روڈ،جڑانوالہ کھرڑیانوالہ روڈ،جڑانوالہ ستیانہ روڈ پر قائم دکانوں پر مبینہ طور پر لاغر و بیمار جانوروں کا گوشت مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے قصابوں نے سرکاری نرخ نامے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ازخود ریٹ مقرر کر رکھے ہیں جڑانوالہ ستیانہ،مکوانہ، کھرڑیانوالہ،بچیانہ سمیت مضافات میں قصاب چھوٹا گوشت 2200 سے 2500 روپے فی کلو اور بڑا گوشت 1500 سے 1800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے رہی سہی کسر ناپ تول میں کمی اور پانی لگے گوشت نے نکال دی ہے قصاب حضرات بلا خوف و خطر لاغر و بیمار جانوروں کا مہنگے داموں گوشت فروخت کرکے عوام کی جیبوں کا صفایا کر رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق گوشت کی سرکاری نرخوں پر دستیابی نہ ہونا تشویشناک امر ہے۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے قصابوں نے خود ساختہ ریٹ مقرر کرکے حکومتی نرخ ناموں کو ہوا میں اڑا دیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مبینہ طور پر کمروں میں بیٹھ کر افسران بالا کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہے ہیں اور شہریوں کو قصابوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل مصنوعی مہنگائی کے مرتکب قصابوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈان کیا جائے اور معیاری حفظان صحت کے مطابق گوشت کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں