لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس اصلاحات کے لیے3ماہ کی ٹائم لائن مقرر کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں تھانوں کے باہر شکایات کے ازالے کیلئے پینک بٹن نصب کرنے، انوسٹی گیشن کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ اور ایف آئی آر کی آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبہ بھر میں 14 ہزار باڈی کیم اور 700 پینک بٹن لگائے جائیں گے جبکہ ہر تھانے کے 10 اہلکاروں کو باڈی کیم فراہم کیے جائیں گے، گمشدہ شناختی کارڈ اور کاغذات کی ایف آئی آر بھی آن لائن درج ہوسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ناکوں پر بدتمیزی کا کلچر ختم کیا جائے، چھوٹی شکایات 2 سے 3 گھنٹوں میں حل’ افسران کو عوامی فیڈ بیک لینے اور ٹریفک کو لین میں چلانے کی بھی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنجاب میں مجموعی جرائم میں 48فیصد اور بڑے جرائم میں 80فیصد تک کمی آئی ہے جبکہ 80منٹ کے رسپانس ٹائم سے منفی فیڈ بیک کم ہوا، ہر سال ایک کروڑ 68 لاکھ افراد تھانوں کا رخ کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیس سے صرف مجرموں کو ڈرنا چاہئے، عوام کو نہیں، بچوں اور خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور عوام سے زیادہ کوئی وی آئی پی نہیں۔




