شہر کی80سڑکوں میں سے 40کی کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی سے تعمیر مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیرانور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاروں وتاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے پلیٹ فارم پر ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشنز ”اکنامک کانفرنس ” میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گروپ لیڈر میاں محمد ادریس،صدر چیمبر آف کامرس شیخ فاروق یوسف،عاطف منیر شیخ،نوید اکرم شیخ،عاصم منیر کے علاوہ دیگر عہدیداران اور مختلف ایسوسی ایشنز کے صدور بھی کانفرنس میں شریک تھے۔5 گھنٹے طویل کانفرنس میں 54 ایسوسی ایشنز کے صدور ونمائندوں نے انڈسٹریز کی مزید ترقی کے لئے تجاویز پیش کیں۔صنعتکاروں وتاجروں نے فیصل آباد میں ڈویژنل انتظامیہ کے جاری عوامی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر چیمبرنے کانفرنس کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔کمشنر نے اکنامک کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ گزشتہ دو سے اڑھائی سالوں میں فیصل آباد میں 880 نئی انڈسٹریز رجسٹرڈ اور47 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کی شہر سے باہر منتقلی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل کی جارہی ہے۔اس ضمن میں صنعتکاروں وتاجروں کو تمام تر سہولیات فراہم کریں گے۔کمشنر نے کہا کہ شہر بھر میں 80 سڑکوں کو ٹارگٹ کیا اب تک 40 سے زائد کی کولڈ ملنگ سے مرمت ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماہ صیام کے فوری بعد باقی ماندہ 30 سڑکوں پر بھی کام شروع ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ای بز پورٹل کی بدولت اب این او سیز پہلے سے بہت آسان اور تیزی سے مل رہے ہیں۔تاجروں کے ہاتھ مزید مضبوط کریں گے اور ان کی طرف سے دی گئیں تجاویز کو اعلیٰ وفاقی اور صوبائی فورم پر بھجوائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ واٹر براہ راست چینلز میں چھوڑنے والی 150 سے زائد انڈسٹریز کو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے میں بھی معاونت کی جائے گی۔شہر میں قبرستانوں کے لئے مزید جگہیں مختص کریں گے۔ڈویژن بھر میں 14 سو سے زائد سیوریج زدہ تالابوں کی نشاندہی ہوئی جنہیں جنگی بنیادوں پر ڈی واٹر کیا جارہا ہے جہاں عوامی بہبود کی سکیمیں بھی تجویز کی جارہی ہیں۔کمشنر نے کہا کہ واسا سے متعلقہ تاجروں کے تحفظات بھی دور کریں گے تاہم واسا 2200 کلومیٹر طویل سیوریج سسٹم کی بحالی،ڈیڑھ لاکھ سے زائد مین ہولز کو کور کرکے انہیں برقرار رکھنے کے علاوہ 24 ارب روپے سے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے میگا پراجیکٹس پر کام کررہا ہے جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبے بھی شامل ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی سرکاری محکمے کوانسپکشن کے نام پر بلاوجہ صنعتکاروں وتاجروں کو پریشان نہیں کرنے دیں گے،ایڈیشنل کمشنر کو اس ضمن میں فوکل پرسن بھی بنایا گیا ہے جو تاجروں وصنعتکاروں سے مکمل کوآرڈینیشن میں ہیں تاہم اگر کسی کو شکایت ہو تو ان سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ صنعتی ترقی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور مشترکہ اقدامات سے اس سیکٹر کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔تقریب سے صنعتکاروں نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر کمشنر کو یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں