پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ بہتر

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ میں بہتری کے بعد پاکستانی شہری دنیا کے32ممالک میں ویزا کے بغیر یا ایئرپورٹ پہنچ کر ویزا حاصل کر سکتے ہیں ۔2026ء کے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئی ہے ،فروری 2026 ء کی درجہ بندی کے مطابق پاکستان اب دنیا بھر میں 97ویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ جنوری 2026میں پاکستان 98ویں نمبر پر تھا۔گزشتہ سال پاکستان 103ویں نمبر پر تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سال میں پاکستان نے 6 درجے ترقی کی ہے۔گیمبیا کیساتھ سفارتی تعلقات اور ویزا معاہدے کی بحالی کے بعد اب پاکستانی شہری دنیا کے 32ممالک میں ویزا کے بغیر یا ایئرپورٹ پہنچ کر ویزا حاصل کر کے داخل ہو سکتے ہیں۔ان ممالک میں جانے کیلئے پہلے سے ویزا لینے کی ضرورت نہیں جس میں بارباڈوس، کوک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیراٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، وانواتو اور گیمبیا شامل ہیں۔برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ورڈے، کومورو آئی لینڈز، جبوتی، گنی بسا، مڈغاسکر، مالدیپ، موزمبیق، نیپال، نیو، پالا آئی لینڈز، قطر، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو میں ایئرپورٹ پہنچنے پر ویزا جاری کیا جاتا ہے جبکہ کینیا، سیچلس اور سری لنکا کیلئے سفر سے قبل آن لائن الیکٹرانک ٹریول آتھورائزیشن ضروری ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2026 کی رینکنگ میں سنگاپور سب سے اوپر ہے، جس کے پاس 192ممالک تک رسائی ہے، اس کے بعد جاپان اور شمالی کوریا 187، سویڈن اور یو اے ای 186اور یورپی ممالک جیسے فرانس ،جرمنی،اٹلی،اسپین،سوئٹزرلینڈ 185شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں