بڑا انکشاف،پٹرول پر 100اورڈیزل پر94روپے فی لیٹر ٹیکس وصولی

اسلام آباد(بیوروچیف) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بڑا حصہ ٹیکسوں پر مشتمل ہے۔وزارت توانائی کی دستاویز کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 39فیصد ٹیکسز شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے21پیسے ٹیکسز ہیں جن میں 13روپے 31 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 84 روپے 40 پٹرولیم لیوی جبکہ 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔ وزارت توانائی کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک لیٹر ڈیزل پر 94 روپے 93 پیسے ٹیکسز ہیں جو فی لیٹر قیمت کا 34 فیصد ہیں۔ ایک لیٹر ڈیزل پر 15 روپے68 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 76 روپے 21 پیسے پٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد ہے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر الگ الگ 7 روپے 87 پیسے وصول کرتی ہیں، ڈیلرز فی لیٹر پٹرول اور ڈیزل پر الگ الگ 8 روپے 64 پیسے وصول کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں