رمضان نگہبان کارڈز کی تقسیم جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے مستحق خاندانوں میں”رمضان نگہبان کارڈز”’کی شفاف اور تیز رفتار تقسیم کا عمل جاری ہے۔اس ضمن میں اب تک 65ہزار 566خاندانوں میں کارڈ کے ذریعے 10/10 ہزار روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ ضلع فیصل آبادمیں ایک لاکھ 43ہزار 993مستحقین میں سے 29 ہزار 425، ضلع جھنگ میں 77ہزار 84خاندانوں میں سے 15ہزار 425،ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 46ہزار 107میں سے 11ہزار 301اور ضلع چنیوٹ میں 37ہزار 650مستحق خاندانوں میں سے اب تک 9ہزار 323بینیفشریز کو رمضان نگہبان کارڈ ان کی دہلیز تک پہنچائے گئے ہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ نگہبان کارڈز کی تقسیم کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے جسے ماہ صیام کے پہلے عشرہ کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔کمشنر نے بتایا کہ ڈویژن میں 6رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، بیسن، دالیں،پھل،سبزیاں،چکن سمیت تمام بنیادی اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ سے 15فیصدرعایتی نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان بازاروں سمیت عام مارکیٹ میں بھی سرگرم عمل ہیں اور کسی کو من مانی قیمتیں وصول نہیں کرنے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں