ہشتم کے امتحانات کا شیڈول

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) آٹھویں جماعت بورڈ کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کرد یا گیا۔امتحانات 9مارچ سے شروع ہوں گے۔ امتحان کا وقت صبح 9بجے سے دوپہر 12بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔پیکٹا کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے روز 9مارچ کو ریاضی کا پرچہ لیا جائے گا جبکہ 10مارچ کو اردو، 11مارچ کو انگلش اور 12مارچ کو سائنس کا پرچہ لیا جائے گا۔حکام کے مطابق پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) چار مضامین کا امتحان لے گی جبکہ باقی پیپرز متعلقہ اسکولز خود منعقد کریں گے۔طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مرکز میں 30منٹ پہلے پہنچیں، امتحانی مراکز میں موبائل فون، اسمارٹ واچ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز لانے پر سخت پابندی ہوگی، امیدواروں کے لیے ب فارم اور رول نمبر سلپ ساتھ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔طلبا کو بلیو یا بلیک بال پوائنٹ اور کلپ بورڈ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ریاضی کے امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ جیومیٹری باکس لا سکیں گے۔ واضح کیا گیا ہے کہ امتحان کے دوران اضافی شیٹس فراہم نہیں کی جائیں گی اور امیدوار کو فراہم کردہ جوابی کاپی ہی استعمال کرنا ہوگی۔حکام کے مطابق امتحان ختم ہونے سے قبل کسی بھی امیدوار کو امتحانی ہال چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 31مارچ کو کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں