امریکہ میں شدید برفانی طوفان

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، ہزاروں پروازیں منسوخ اورکئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے شمال مشرقی علاقے شدید برفانی طوفان کی زد میں ہیں اور اس کے پیش نظر 5 کروڑ40 لاکھ افراد کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،6 ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے جن میں نیویارک، نیوجرسی، ڈیلاویئر،رہوڈ آئی لینڈ، کنیٹی کٹ اور میساچوسٹس شامل ہیں۔برفانی طوفان کی وجہ سے امریکا بھر میں 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں، فیڈرل ایوی ایشن نے نیویارک ائیرپورٹس پر گراونڈ اسٹاپ کی وارننگ جاری کر دی ہے۔نیویارک سٹی میں آج رات 9 سے دوپہر 12 بجے تک غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ میئر ظہران ممدانی نے نیویارک سٹی میں سکول بھی بند رکھنے کاحکم دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی میں 18 سے 24 انچ اوربعض علاقوں میں 28 انچ تک برفباری کا امکان ہے،اس کے علاوہ شمال مشرقی امریکا میں شدید برفباری اور تیز ہواوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ طوفان ناقابل فراموش ہو سکتا ہے اور پوری دنیا کی نظریں اس کی تازہ ترین صورتحال پر مرکوز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں