پاکستانی ہنر مندوں کیلئے خوشخبری،اٹلی کے ساڑھے 10ہزار ویزوں کا اعلان

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی کابینہ نے پاکستانی وزارت داخلہ اور وزارت صحت کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاہدے کرنے کی اجازت دیدی۔ سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا،کابینہ کے اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کابینہ نے سعودی وزارت داخلہ اور پاکستانی وزارت داخلہ کے درمیان سائنسی، تربیتی، اور تحقیقی تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دی۔اس طرح کابینہ نے سعودی اور پاکستانی صحت کی وزارتوں کے درمیان ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن سمیت تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی معاہدے کرنے کی منطوری دی ہے۔دریں اثنائ۔روم(مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے کا کہنا ہے کہ لیگل مائیگریشن کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبرکو ساڑھے 10ہزار ویزے فراہم کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روم میں اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی جس میں داخلی سکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ لیگل مائیگریشن کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبرکو ساڑھے 10ہزار ویزے دیں گے جبکہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ والوں کو ویزے سے استثنیٰ دیں گے۔میٹیو پینٹے ڈوسی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ کی بات کی تھی۔دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی ملاقات میں انسداد منشیات و انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا، دونوں نے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی سے غیرقانونی امیگریشن کم ہوئی۔اطالوی وزیرداخلہ نے غیرقانونی امیگریشن کیخلاف پاکستان کی موثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، منشیات کیخلاف پاکستان کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھائیں گے، پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں