خواجہ آصف سراج حقانی سے برس پڑے،کھری کھری سنا دیں

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیردفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دشمن کو بیشک اپنے گھر بسائیں لیکن انکے ساتھ ملکر ہمارے ساتھ دشمن کا کردار نہ ادا کریں، اپنی سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، جس گھر میں پناہ لی ہو اسکی خیر مانگتے ہیں۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حقانی صاحب آپکی ماضی کی جنگوں میں سوویت یونین کے خلاف پاکستان دل وجان کے ساتھ آپکے ساتھ کھڑا تھا ۔ آپ ہمارے مہمان رہے آپکے خاندانوں کی دھائیاں مہمانداری کی،تب کے لاکھوں مہمانوں میں لاکھوں ابھی بھی پاک سر زمین پہ پناہ گزین ہیں۔ ہماری پاک مٹی سے رزق کماتے ہیں،آپ بھی بمعہ خاندان ہمارے مہمان رہے ہیں۔انہوں نے حقانی کومخاطب کرتے ہوئے کہاہم نے آپکے بزرگوں سے لیکر تین نسلوں کی مہان نوازی کی ہے، صلہ کیاملا آپ ہمارے قاتلوں کو پناہ دیں معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کو سینے سے لگائیں، ہمارے گلی محلوں کو خون سے رنگین کرنے والوں کے حلیف بنیں، میں کابل گیاآپ سے ملاقات ہوئی تھی، ایک درخواست کی تھی ہمارے دشمنوں کے حلیف نہ بنے اعانت نہ کریں،آپ نے رقم مانگی ہم وہ بھی دینے کو تیار تھے مگر ضمانت کوئی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا جس نسبت سے آپکو حقانی پکاراجاتا ہے وہ بہت عظیم بزرگ تھے،اس نام کی ہی لاج رکھیں،ہم آپ سے کچھ بھی نہیں مانگتے،آپ اپنے گھرراضی رہیں ہم اپنے گھرراضی رہیں،ہمارے دشمن کوبیشک اپنے گھر بسائیں،لیکن انکے ساتھ ملکرہمارے ساتھ دشمن کا کردارنہ ادا کریں، اپنی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، ہماری روایت ، ثقافت اور دین سکھاتا ہے کہ جس گھر میں پناہ لی ہو اسکی خیر مانگتے ہیں،اللہ اکبر پاکستان زندہ باد۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں