پاکستانی ٹیم کے دورہ بنگلادیش پر کشیدگی کے اثرات کا خدشہ

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلادیش پر خطے میں پائی جانے والی کشیدگی اثر انداز ہوسکتی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ دورہ بنگلا دیش میں 3ون ڈے میچز کی سیریز ہے، یہ میچز ڈھاکا میں 11، 13اور 15مارچ کو شیڈولڈ ہیں۔ذرائع کے مطابق سیریز کے لیے پاکستان ون ڈے اسکواڈ کے حوالے سے ہفتے کے ابتدائی دنوں میں مشاورت ہو گی، پاکستان نے 3ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے 9 مارچ کو بنگلادیش پہنچنا ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کی وجہ سے سفری خطرات اور خدشات نہ بڑھے تو ٹور شیڈول کے مطابق متوقع ہے، خطے میں پائی جانے والی کشیدگی پاکستان کے دورہ بنگلا دیش پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ون ڈے اسکواڈ میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے، آئی سی سی ورلڈکپ 2027 کی وجہ سے اب فوکس ون ڈے فارمیٹ پر ہوگا۔ذرائع کے مطابق مضبوط ٹیم کی تشکیل کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کا امکان ہے جبکہ ٹی 20فارمیٹ کے انڈر پرفارمرز کو باہر کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق صائم ایوب، بابر اعظم اور محمد نواز کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے پر غور ہوگا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی ٹی 20فارمیٹ میں فوری طور پر کوئی سیریز نہیں، اسکواڈ کے حوالے سے فوری طور پر کسی فیصلے کا امکان نہیں، ٹی 20ورلڈ کپ 2028 کو سامنے رکھتے ہوئے 5سے 6 انڈر پرفارمرز کی چھٹی کرا دی جائے گی۔پاکستان ٹیم نے گزشتہ برس شاہین آفریدی کی قیادت میں ساوتھ افریقہ اور سری لنکا کے ساتھ سیریز کھیلی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں