پنجاب حکومت کا بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی پر غور

لاہور (بیوروچیف) لاہور میں صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے متبادل ذرائع توانائی پر زور دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کی لاگت میں کمی کیلئے سولر آپشن کا جائزہ لینے اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں سولر پلانٹس کی تنصیب پر غور کیا گیا جبکہ ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور وغیرہ کے چیمبرز آف کامرس سے رابطے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ افسران کو دو روز میں بہترین تجاویز پر مشتمل ڈرافٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں گرین بسز منصوبے میں سولر انرجی کو ترجیح دینے پر بھی غور کیا گیا جبکہ محکمہ ماحولیات کے تعاون سے ہڈیارہ ڈرین پر سولر پراجیکٹس لگانے کی تجویز زیر غور آئی۔صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے انڈسٹری کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا۔انہوں نیکہا کہ انڈسٹری کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ عوام اور صنعتکاروں کے مفاد میں قابلِ عمل اور دیرپا فیصلے کیے جائیں گے جبکہ پنجاب کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانا ترجیح ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری توانائی ڈاکٹر فرخ نوید اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں