سٹاک مارکیٹ تیزی ،1لاکھ 56ہزار پوائنٹس کی حد بحال

کراچی (بیوروچیف) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث انڈیکس ایک لاکھ 56ہزار پوائنٹس کی حد پر دوبارہ بحال ہوگیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 4000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 56 ہزار 106 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 16000 سے زائد پوائنٹس کم ہو کر ایک لاکھ 51 ہزار 972 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب ایشین سٹاک مارکیٹس میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مندی دیکھنے میں آ رہی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق جاپانی سٹاک مارکیٹ میں 327 پوائنٹس کمی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا، جنوبی کورین سٹاک مارکیٹ 1.26 فیصد گر گئی، جبکہ ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 2 فیصد گر گیا۔ادھر انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 1 پیسے کمی ہوئی،ڈالر 279.46روپے سے کم ہوکر 279.45 روپے کا ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں