صنعتی سروے کے دوران ممکنہ خطرات کا باعث بننے والی187صنعتوں کی نشاندہی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری آبادیوں سے ممکنہ خطرناک صنعتوں کو میونسپل حدود سے باہر منتقل کرنے اور ماحولیاتی مسائل کے سدباب کے لئے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کیطرف سے تشکیل دی گئی” ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیش کمیٹی”کا اجلاس کنوینر / ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمدآصف چوہدری کی زیر صدا ر ت منعقد ہوا جس میں انسانی جان و مال کے لئے ممکنہ خطرات کی حامل صنعتوں کی نشاندہی، ان کا انخلا، منتقلی کی جگہ کی نشاندہی اور بنیادی ضروریا ت کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا تاکہ جامع سفارشات مرتب کرکے کمشنر فیصل آباد کو پیش کی جا سکیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن تنویر مرتضی سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس ڈاکٹر خرم طارق، ڈی او انڈسٹریز میاں عرفان، جنرل مینجز ٹیکینکل فیڈملک کرنل ریٹائرڈ عادل نذیر ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر، ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کاشف نواز، میونسپل آفیسر / پلاننگ شیریں نیوٹن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر یاسر عرفات، انسپکٹر ماحولیات مظہر فرید، نمائندہ آفیسر واسا عثمان ضیا ودیگر ممبرز نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں صنعتوں کے سروے کے دوران ممکنہ خطرات کا باعث بننے والی مختلف نوعیت کی 187صنعتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی میونسپل حدود سے منتقلی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی سفارش کی جائیگی جبکہ صنعتی بستی قائم کرنے کے لئے تحصیل جڑانوالہ اور صدر کے علاقہ میں سرکاری اراضی کی دستیابی سے متعلق معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انسانی جان و مال اور ماحولیات کے لئے ممکنہ خطرات کا باعث بننے والی صنعتوں میں ہیوی بوائلرز، کیمیکل تیار کرنے، صحت اور ماحول کے لئے چیلنج فضلہ/ ویسٹ پیدا کرنے، شور اور زہریلا دھواں چھوڑنے آگ پکڑنے کے حساس میٹریل کی حامل اور دیگر نوعیت کی انڈسٹریز شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے تمام ممبرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہری ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھنے کے لئے صنعتوں کے انخلا کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں ٹھوس محکمانہ حکمت عملی کے ذریعے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس پراجیکٹ پر احسن انداز میں رضاکارانہ طور پر عملدرآمد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سروے اور دیگر معلومات کو یکجا کرکے سفارشات کمشنر فیصل آباد کو جلد پیش کردی جائیں گی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے ممبرز محکموں کے افسران نے انڈسٹریز کی منتقلی کے حوالے سے محکمانہ تجویز سے آگاہ کیا جبکہ سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس ڈاکٹر خرم طارق نے صنعتوں کی منتقلی میں بعض مشکلات اور درکار ضروریات کے بارے میں بتایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں