ٹوبہ ٹیک سنگھ میں20ارب کے ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 20۔ ارب روپے کی لاگت سے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن وبحالی کی جارہی ہے اس پروگرام کے تحت جون2027 تک ضلع کا کوئی گلی/محلہ معیاری سیوریج سسٹم سے محروم نہیں رہے گا۔علاوہ ازیں 45،ارب روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے تحت50منصوبوں،سیپ پروگرام کی40 سکیمو ں پر عملدرآمد،4مثالی گاں اور 2ماڈل بازار زیر تعمیر اسی طرح بیوٹیفکیشن کی 3سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔یہ بات کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کو ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ دورہ کے موقع پر ڈی سی آفس میں منعقدہ اعلی سطحی بریفنگ اجلاس میں بتائی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ بھی موجود تھے۔اجلاس میں ترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد کرانے والے افسران بھی شریک تھے۔کمشنر فیصل آباد نے ڈسٹرکٹ اے ڈی پی،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام،پنجاب سیٹیز پروگرام،سیپ پروگرام کے تحت عوامی بہبود کے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل پر زور دیا اور واضح کیا کہ شفافیت پر زیروٹالرنس ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عوامی بہبود اور”کی پروفارمنس انڈیکیٹرز” پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے اضلاع اور تحصیل کے دورے کررہی ہیں۔انہوں نے ترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد کرانے والے محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرانے کے لئے کمربستہ رہیں،کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہروں کی خوبصورتی وزیراعلی پنجاب کے ایجنڈا میں سرفہرست ہے لہذا جاری پراجیکٹس مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کئے جائیں۔کمشنر نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کمالیہ کو بلاتاخیر مکمل کرانے کے لئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت جاری کی۔انہوں نے فوڈ سٹریٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ،پارکس کی تزئین وبحالی کے جاری کاموں پر بھی بریفنگ لی اور کہا کہ پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ اور علاقائی خوبصورتی پر توجہ مرکوز رکھیں۔انہوں نیکہا کہ سرکاری بقایا جات کی ریکوری کو تیز کیا جائے۔اسسٹنٹ کمشنرز ریکوری مہم کو خود لیڈ اور جون2026 تک ٹارگٹس مکمل کریں۔ انہوں نے گرین پراپرٹی سرٹیفیکیٹ پر عملدرآمد،گندم خریداری مہم کے اہداف پر بھی آگاہی لی اور کہا کہ کسانوں سے براہ راست گندم کی خریداری کے لئے آگاہی مہم تیز کی جائے۔کمشنر نے کہا کہ عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد میں کوئی عذر قابل قبول نہیں۔قبل ازیں کمشنر فیصل آباد نے سٹی پارک میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور پارک میں فیملیز اور شہریوں کے لئے دستیاب تفریحی سہولیات کو سراہا۔کمشنر نے سہولت بازار،جنرل بس سٹینڈ،بیوٹیفکیشن پراجیکٹس، ڈویلپمنٹ سکیمز سمیت دیگر سائٹس کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے سہولت بازار میں صارفین کے لئے اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ایمرجنسی سمیت جنرل اور دیگر وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف کی روسٹر کے مطابق ڈیوٹی کا جائزہ لیا۔صفائی کا معیار دیکھا،طبی مشینری کے فعال ہونے کی رپورٹ لی اور کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتال کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا اس ضمن میں درکار شعبوں کے قیام کے لئے اقدامات شروع ہیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات ایک چھت تلے دستیاب ہوں۔کمشنر نے شہر بھر میں صفائی کا معیار بھی دیکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں