طلبہ کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) رائو عبدالکریم، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد نے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا، جس کا بنیادی مقصد سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جامع جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران انہوں نے سکولوں میں داخلی و خارجی راستوں، گارڈز کی تعیناتی، حاضری رجسٹر، وزیٹر لاگ بک اور دیگر حفاظتی انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ طلبہ و طالبات کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور سیکیورٹی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔رائو عبدالکریم نے سکول سربراہان کو ہدایت کی کہ تعلیمی اوقات میں کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو سکول حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعینات سیکیورٹی گارڈ اپنی ڈیوٹی کے دوران مرکزی دروازہ ہرگز خالی نہ چھوڑیں اور مکمل چوکس رہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر تمام تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ والدین کا اعتماد بحال رہے اور تعلیمی ماحول پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔دورے کے اختتام پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی ایس او پیز پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں