چلڈرن ہسپتال میں تھانہ ائیرپورٹ کے زیر اہتمام جامع موک ایکسر سائز کا انعقاد

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) چلڈرن ہسپتال میں تھانہ ائیرپورٹ کے زیر اہتمام ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کا مقصد دہشت گردی جیسے کسی بھی ہنگامی خطرے سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تیاری اور فوری ردِعمل کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا تھا۔موک ایکسر سا ئز میں ڈی ایس پی سرکل صدر خدا بخش اور ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ ثاقب ریاض سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اور آپریشنل سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔ اس موقع پر پولیس، ایلیٹ فورس ، ڈولفن فورس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹیکنیکل سویپنگ ٹیم، بم ڈسپوزل سکواڈ، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔کارروائی کے دوران فرضی منظرنامے کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ اور سول ڈیفنس ٹیم نے اینٹی مائنز اور اینٹی بم ڈیٹیکٹر کی مدد سے عمارت اور اطراف کی مکمل سویپنگ کر کے علاقے کو کلیئر قرار دیا۔سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا تھا کہ ایسی مشقوں کا بنیادی مقصد کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت، مربوط اور موثر حکمت عملی کے تحت شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر ادارے باہمی اشتراک سے سیکیورٹی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں