جامعہ زرعیہ میں بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے تقریبات میں افطار ڈنر کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے تقریبات کے سلسلے میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر اقرار احمد خاں، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی مہمانان خصوصی تھے جبکہ زرعی یونیوسٹی فیصل آباد میں زیرتعلیم بلوچ طلبہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ بلوچ ثقافت کا دن ہمیں اپنی روایات سے وابستگی اور نوجوان نسل کو ثقافتی ورثے سے جوڑے رکھتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علوم سے روشناس کروانے اور علم پر مبنی معیشت کے حصول کے لئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ ترقی کی نئی راہیں ہموار کی جا سکیں۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ثقافت کا دن ہماری شناخت، روایات اور عظیم تاریخی ورثے کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان علم و تحقیق کو اپنا شعار بنائیں اور دورحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر اپنی صلاحیتوں سے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کریں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ بھائی چارہ، اتحاد اور صبروتحمل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ ہمارے مشرقی ورثے کو نمایاں کرنے کے لئے پروگرامز کا انعقاد تسلسل سے کرواتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تحقیقات کو انڈسٹری اور کاشتکاروں تک پہنچا کر غذائی خودکفالت کا حصول یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ بلوچ طلبہ نے ثقافتی ٹیبلوز پیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں