پاکستان نے اسرائیلی اور بھارتی سائبر حملوں کا توڑ نکال لیا

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کی سائبر سیکیورٹی کے میدان میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی ۔ پاکستان نے بھارت،اسرائیل اور بیرون ممالک سے کیے گئے سائبر حملوں کا توڑ نکال لیا ۔قومی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے جدید سیکیورٹی سافٹ ویئر تیار کرلیا۔نیشنل سرٹ حکام کے مطابق نیشنل سرٹ نے اینڈ پوائنٹ ڈیٹیکشن اینڈ رسپانس ای ڈی آر اینٹی وائرس سسٹم تیار کرلیا، ای ڈی آر سافٹ ویئر ملک بھر کے سرکاری کمپیوٹر سسٹمز میں انسٹال کردیا گیا،ای ڈی آر سسٹم کے ذریعے ہیکنگ اور سائبر حملوں کی بروقت نشاندہی اور روک تھام ممکن ہوگی۔ای ڈی آر ایپ کو موبائل فونز پر انسٹال کرنے کے لیے ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے۔ پاکستان مخالف ویب سائٹس اور مواد کے خلاف مثر کارروائیاں جاری ہیں۔پاکستان مخالف سوشل میڈیا اکانٹس کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔نیشنل سرٹ نے سائبر سیکیورٹی کنٹرول روم بھی قائم کردیا ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی اور ایران پر اسرائیلی و امریکی حملوں کے بعد پاکستان پر سائبر حملوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بیرونِ ملک سے پاکستانی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی منظم کوششیں جاری تھیں، تاہم یہ حالات اس وقت سنگین رخ اختیار کر گئے جب گزشتہ روز ملک کے مختلف الیکٹرانک میڈیا چینلز اور ویب سائٹس کو ہیک کر کے ان پر اشتعال انگیز پیغامات نشر کیے گئے، جس سے نہ صرف نشریاتی نظام متاثر ہوا بلکہ سائبر سکیورٹی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں