کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی سے ادھوری تعمیر،سڑکیں پھر ٹوٹنے کا خدشہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سڑکوں کی کولڈملنگ ٹیکنالوجی سے ادھوری تعمیر سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا’ سڑکیں پھر ٹوٹنے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کے حکم پر فیصل آباد شہر میں تقریباً 80 اہم سڑکوں کی تعمیر کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی سے کی جا رہی ہے جن میں سے متعدد سڑکوں کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جبکہ جن سڑکوں کی تعمیر جاری ہے وہاں ٹھیکیدار کچھ سڑک تعمیر کر کے درمیان میں سڑک کا کچھ حصہ تعمیر نہیں کرتے اور اسے چھوڑ کر دوسری سڑک تعمیر کرنے چلے جاتے ہیں جس کے باعث تعمیر کی گئی سڑک بھی دوبارہ ٹوٹنے لگتی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہری وسماجی حلقوں نے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا فوری طور پر نوٹس لیں اور ایک کمیٹی بنائیں جو سڑکوں کی ادھوری تعمیر کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے اور نامکمل سڑکوں کی فوری تعمیر مکمل کرائی جائے ورنہ سڑکوں کی اس طرح تعمیر کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ یہ سڑکیں پھر ٹوٹ پھوٹ جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں