ڈیلیوری بوائز کا صارفین سے ہتک آمیز رویہ،TCSکی ساکھ تباہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) TCS ڈلیوری بوائز کا صارفین کیساتھ ناروا سلوک اورہتک آمیز رویہ روزمرہ کا معمول بن گیا’ جسکی وجہ سے TCS کی ساکھ بری طرح متاثر ہونے لگی’ شہری ڈاک بھجوانے کیلئے دوسری کمپنیوں سے رجوع کرنے لگے۔ تفصیل کے مطابق کیپری ٹریول کے چیف ایگزیکٹو محمد طارق چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ روز اس کا ٹی سی ایس کے ذریعے پارسل آیا تو ڈلیوری بوائے اورنگزیب نے فون نمبر 0302-1478810 سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا پارسل آیا ہے۔ اپنا ٹریکنگ نمبر بتائیں جس پر محمد طارق چوہدری نے کہا کہ پارسل پر میرا ایڈریس بھی ہو گا آپ وہاں ڈلیور کر دیں تو بدتمیزی پر اتر آیا۔ انتہائی غلیظ زبان اور ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے لگا اور کہا کہ جب تک آپ اپنا ٹریکنگ نمبر نہیں بتائیں گے پارسل ڈلیور نہیں کرونگا۔ اسی طرح دیگر صارفین کی جانب سے بھی ٹی سی ایس کے ڈلیوری بوائز کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ ٹی سی ایس کے ڈلیوری بوائز کی جانب سے شہریوں کیساتھ غیر مناسب رویہ اپنانے پر شہریوں کا ٹی سی ایس سے اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے اور ڈلیوری بوائے کمپنی کی ساکھ کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں اور شہری دیگر کمپنیوں کی طرف رجوع کرنے لگے ہیں۔ شہری حلقوں نے TCS کے منیجر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کیساتھ غیر مناسب رویہ اور بداخلاقی کا مظاہرہ کرنے والے ڈلیوری بوائز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں