شیرخدا،امیر المومنین سید ناحضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت آج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) داماد رسول اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم’ باب العلم’ شیر خدا’ فاتح خیبر’ مولائے کائنات امیرالمومنین حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کا یوم شہادت آج 21رمضان المبارک کو عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔ فیصل آباد سمیت ملک بھر کی امام بارگاہوں’ مساجد اور دیگر مقامات پر مجالس وسیمینار منعقد ہوئے جس میں حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ یوم شہادت حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کی مناسبت سے تعزیہ کے جلوس برآمد ہوئے جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہونگے، اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ آر پی او سہیل اختر سکھیرا’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سمیت اعلیٰ انتظامی افسران مجالس اور جلوسوں کی خود نگرانی کرتے رہے اور سیف سٹی کیمروں سے بھی جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔ قبل ازیں ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات کا دورہ کیا۔ صفائی ستھرائی’ پانی کا چھڑکائو’ ٹریفک کیلئے متبادل انتظامات’ سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی’ جلوسوں میں داخل ہونے والوں کی چیکنگ کی ہدایت کی۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر فیصل آباد میں 13جلوسوں اور 39 مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ شہر کے داخلی’ خارجی راستوں کی انتہائی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں