سٹاف لیول معاہدہ نہ ہوسکا،IMFکا پاکستان سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پندرہ روزہ ورچوئل مذاکرات کے باوجود سٹاف لیول معاہدہ نہ ہو سکا۔آئی ایم ایف نے اپنے اعلامیہ میں تصدیق کی کہ پاکستان کے7ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کے تیسرے جائزے اور آر ایس ایف کے دوسرے جائزے پر بات چیت کے باوجود سٹاف لیول معاہدہ طے نہیں ہو سکا، تاہم اس دوران خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے اور مذاکرات جاری رہیں گے۔اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کیلئے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر بھی زور دیا، پروگرام پر عمل درآمد مجموعی طور پر وعدوں کیمطابق رہا، مالیاتی خسارہ کم کرنے اور پبلک فنانس مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔آئی ایم ایف مشن کی سربراہ ایوا پیٹرووا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان 25 فروری سے گیارہ مارچ تک ورچوئل مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد سے توانائی شعبے میں اصلاحات اور کارکردگی بہتر بنانے پر بھی مذاکرات ہوئے، سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے اخراجات بڑھانے پر معاشی ٹیم سے گفتگو ہوئی۔اعلامیہ کے مطابق حکام کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اصلاحاتی اقدامات میں پیشرفت اور مشرق وسطی کے تنازع کے پاکستانی معیشت پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی ایم ایف کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی قیمتوں اور مالی دبا پر تشویش ہے، آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مزید مذاکرات آئندہ چند روز تک جاری رہیں گے۔خیال رہے کہ اگر یہ جائزہ کامیابی سے مکمل ہو جاتا ہے تو پاکستان ای ایف ایف کے تحت تقریبا 1 ارب ڈالر اور آر ایس ایف کے تحت تقریباً 20کروڑ ملین ڈالر اپریل کے آخر تک ملنے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں