عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

کراچی (بیوروچیف) خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی پر بھی ظاہر ہونے لگے ہیں، جس کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی قیمت ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر چلی گئی ہے۔ مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خام تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔حالیہ صورتحال کے پیشِ نظربرینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں تقریبا 3 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 103.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی 3ڈالر 71سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت تقریباً 99ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ کی قیمت میں ایک ہی دن میں تقریباً 10فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ خام تیل 9.29ڈالر اضافے کے ساتھ 101.3ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 9.02ڈالر بڑھ کر 96.27ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی توانائی منڈی دبائو کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھائو دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں