میٹرو بس کے کرائے بڑھ گئے

لاہور /اسلام آباد (بیوروچیف) پنجاب کے مختلف شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کے کرایوں میں 33فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت مسافروں کو اب سفر کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 26مارچ 2026سے ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام بی آر ٹی لائنز بشمول میٹروبس لاہور کے کرایوں میں 10روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔نئے فیصلے کے بعد راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں چلنے والی ریڈ میٹرو بس کا کرایہ بڑھا کر 40روپے کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد روزانہ سفر کرنے والے مسافروں پر مالی بوجھ میں اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ گرین ٹرانسپورٹ کارڈ رکھنے والے مسافروں کو 15روپے رعایت دی جائے گی، جس کے تحت وہ صرف 25روپے میں سفر کر سکیں گے۔حکام کے مطابق کرایوں میں اضافہ آپریشنل اخراجات میں اضافے اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیا گیا ہے، جبکہ رعایتی کارڈ کے ذریعے شہریوں کو ممکنہ حد تک سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں